کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے بگٹی قبیلے کے عمائدین، بزرگوں اور نوجوانوں کے وفد نے ملاقات کی، جس میں ڈیرہ بگٹی، سوئی اور گردونواح میں جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاح و بہبود اور علاقے کی مجموعی ترقی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ڈیرہ بگٹی، سوئی اور ملحقہ علاقوں کو ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کے لیے اہم اور تاریخ ساز منصوبوں پر کام جاری ہے، جبکہ متعدد منصوبے مکمل بھی کیے جا چکے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت بلوچستان تعلیم، صحت، سڑکوں اور دیگر ذرائع مواصلات، بنیادی سہولیات اور روزگار کے مواقع کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ گیس کمپنیوں میں مقامی افراد کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا اور مقامی آبادی کی فلاح و بہبود حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ گیس کمپنیوں کے سوشل رسپانسبلٹی اور بہبود کے فنڈز کو عوامی مفاد کے منصوبوں پر مؤثر انداز میں خرچ کرنے کے لیے حکمت عملی اختیار کی جا رہی ہے تاکہ ان وسائل کا براہِ راست فائدہ مقامی آبادی تک پہنچ سکے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ترقیاتی عمل کو محض اعلانات تک محدود رکھنے کے بجائے عملی اقدامات کے ذریعے ڈیرہ بگٹی، سوئی اور ملحقہ علاقوں میں دیرپا ترقی کی بنیاد مضبوط کر رہی ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ علاقے کے عوام کی ترقی اور خوشحالی حکومت کی ذمہ داری ہے اور دستیاب وسائل کو شفاف اور مؤثر انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے عوامی مسائل کے حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا













Leave a Reply