کوئٹہ، 3 ستمبر 2026: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے گڈانی میں ایکسائز اینڈ اینٹی نارکوٹکس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے 1,013 کلو گرام آئس (کرسٹل میتھ) کی ریکارڈ برآمدگی پر ڈی جی ایکسائز اینڈ اینٹی نارکوٹکس (South Zone) محمد زمان اور ان کی پوری ٹیم کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ گڈانی میں ہونے والی یہ بڑی کارروائی منشیات کے خلاف جنگ میں ایک اہم کامیابی ہے۔ برآمد ہونے والی منشیات کی مالیت 74.19 ارب روپے بتائی گئی ہے، جو نہ صرف بلوچستان بلکہ پاکستان میں منشیات کے خلاف کارروائیوں کے حوالے سے ایک غیر معمولی برآمدگی ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے ایکسائز اینڈ اینٹی نارکوٹکس ڈیپارٹمنٹ کے افسران اور اہلکاروں کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی مؤثر کارروائیاں منشیات کے منظم اسمگلنگ نیٹ ورکس کے خلاف ریاستی اداروں کے عزم کا اظہار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو برس کے دوران ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کی مختلف کارروائیوں کے نتیجے میں منشیات اور دیگر ممنوعہ اشیاء کے اسمگلنگ نیٹ ورکس کو 133.56 ارب روپے سے زائد کا نقصان پہنچایا گیا ہے، جو محکمہ کی مسلسل اور مؤثر کارروائیوں کا ثبوت ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ منشیات کی لعنت براہِ راست نوجوان نسل کے مستقبل کو متاثر کرتی ہے، اس لیے اس کے خلاف کارروائی صرف قانون نافذ کرنے کا معاملہ نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے تحفظ کی بھی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان حکومت منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور صوبے میں منشیات کی اسمگلنگ، ترسیل اور فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر انداز میں جاری رکھی جائیں گی۔
میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت متعلقہ اداروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی تاکہ منشیات کے اسمگلنگ نیٹ ورکس کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے اور بلوچستان کے نوجوانوں کو اس خطرناک لعنت سے محفوظ بنایا جا سکے













Leave a Reply