بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے ہنر، روزگار اور خودمختاری کی نئی را

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیرِ صدارت کیچ، گوادر، پنجگور اور خاران سے تعلق رکھنے والے ٹی ای وی ٹی (TEVT) گریجویٹس میں سرٹیفکیٹس تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں نوجوانوں کو فنی و پیشہ ورانہ تربیت کے ذریعے بااختیار بنانے کے حکومتی عزم کو اجاگر کیا گیا۔

وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کے وژن کے تحت بلوچستان کے نوجوانوں کو محض ڈگریاں نہیں بلکہ ایسے عملی ہنر فراہم کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے جو انہیں روزگار، کاروبار اور معاشی خودمختاری کے قابل بنا سکیں۔ اس سلسلے میں ٹی ای وی ٹی پروگرام ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

پروگرام کے تحت اب تک 123 طالبات کامیابی سے اپنی تربیت مکمل کر چکی ہیں جبکہ 491 نوجوان اس وقت مختلف تربیتی پروگرامز میں شامل ہیں۔ آج کی تقریب میں 65 طالبات کو تکمیلِ تربیت کے سرٹیفکیٹس دیے گئے، جو ان کی محنت اور کامیابی کا اعتراف ہے۔

حکومت بلوچستان کی جانب سے نوجوانوں کے لیے تربیت کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔ اسی سلسلے میں مزید دو بیچز کو پیشہ ورانہ تربیت کے لیے گوتھم لاہور بھیجا جائے گا تاکہ بلوچستان کے نوجوان جدید اور مارکیٹ سے ہم آہنگ فنی مہارتیں حاصل کر سکیں۔

یہ پروگرام محدود تعداد تک نہیں رہے گا بلکہ مجموعی طور پر 57 ہزار نوجوانوں کو اس سے مستفید کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ 180 چھوٹے اور درمیانے کاروباری منصوبوں کو گرانٹس فراہم کی جائیں گی، تاکہ تربیت حاصل کرنے والے نوجوان ملازمت کے منتظر رہنے کے بجائے اپنا کاروبار شروع کرکے خود بھی باعزت روزگار حاصل کریں اور دوسروں کے لیے بھی روزگار کے مواقع پیدا کریں۔

بلوچستان کی نوجوان آبادی صوبے کا سب سے بڑا اثاثہ ہے۔ اگر اس نوجوان قوت کو جدید تعلیم، فنی تربیت، روزگار اور کاروباری مواقع فراہم کیے جائیں تو یہی نوجوان بلوچستان کی معاشی ترقی کا محرک بن سکتے ہیں۔

وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں ہنرمند بلوچستان، بااختیار نوجوان اور مضبوط معیشت کے تصور کو عملی شکل دینے کی یہ کوشش اس بات کی عکاس ہے کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو ترقی کے سفر میں مرکزی حیثیت دی جا رہی ہے۔

ہنر مند نوجوان، خوشحال بلوچستان — یہی روشن مستقبل کی بنیاد ہے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *