:
بلوچستان کے نوجوانوں کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور انہیں روزگار کے نئے مواقع فراہم کرنے کے لیے چیف منسٹر ایمپلائمنٹ پروگرام کے تحت ٹیکنیکل و ڈیجیٹل اسکلز ٹریننگ پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
پروگرام کے پہلے مرحلے میں بلوچستان کے تمام اضلاع سے 500 نوجوانوں کو تین ماہ کی خصوصی تربیت فراہم کی جائے گی، جبکہ چیف منسٹر ایمپلائمنٹ پروگرام کا مجموعی ہدف ایک ہزار نوجوانوں کو جدید فنی اور ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے۔ پہلے مرحلے میں شامل نوجوانوں میں 400 مرد اور 100 خواتین امیدوار شامل ہیں۔
تربیتی پروگرام میں نوجوانوں کو سیلز اینڈ مارکیٹنگ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ویب ڈیویلپمنٹ اور سائبر سیکیورٹی سمیت جدید اور تیزی سے ترقی کرنے والے شعبوں میں عملی تربیت دی جائے گی۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو صرف روایتی ملازمتوں تک محدود رکھنے کے بجائے انہیں جدید معیشت، فری لانسنگ، آن لائن کاروبار اور ڈیجیٹل روزگار کے مواقع کے لیے تیار کرنا ہے۔
آج کی دنیا میں ڈیجیٹل مہارتیں روزگار اور معاشی ترقی کا اہم ذریعہ بن چکی ہیں۔ بلوچستان کے نوجوان اگر جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ویب ڈیویلپمنٹ اور سائبر سیکیورٹی جیسے شعبوں میں مہارت حاصل کریں تو وہ نہ صرف مقامی سطح پر روزگار حاصل کرسکتے ہیں بلکہ عالمی مارکیٹ میں بھی اپنی خدمات فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
تربیت مکمل کرنے والے نوجوانوں کے لیے سافٹ ویئر ہاؤسز، آئی ٹی کمپنیوں اور آن لائن مارکیٹنگ اداروں میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ اس کے علاوہ سرکاری و غیر سرکاری اداروں میں آئی ٹی سیکیورٹی، ڈیٹا مینجمنٹ، میڈیا اور پبلک ریلیشنز کے شعبوں میں بھی ان کی مہارتیں کارآمد ثابت ہوسکتی ہیں۔
پروگرام کی ایک اہم خصوصیت یہ بھی ہے کہ نوجوان ملازمت کے حصول کے ساتھ ساتھ اپنے لیے آن لائن کاروبار، ڈیجیٹل ایجنسیز اور فری لانسنگ کے مواقع بھی پیدا کرسکیں گے۔ یوں یہ پروگرام نوجوانوں کو ملازمت کے متلاشی افراد کے بجائے مستقبل کے ہنرمند، خودمختار اور روزگار پیدا کرنے والے افراد میں تبدیل کرنے کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پروگرام کے آغاز پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو جدید فنی اور ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تربیت نوجوانوں کے لیے روزگار اور معاشی خودمختاری کے نئے مواقع پیدا کرے گی اور حکومت بلوچستان نوجوانوں کو ہنرمند بنانے اور انہیں باعزت روزگار سے جوڑنے کے لیے عملی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے گی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان باصلاحیت ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم، تربیت اور مواقع فراہم کیے جائیں۔ حکومت نوجوانوں کی صلاحیتوں کو صوبے کی معاشی ترقی میں بروئے کار لانے کے لیے ہنرمندی اور روزگار کے پروگراموں کو مزید وسعت دے گی۔
چیف منسٹر ایمپلائمنٹ پروگرام دراصل بلوچستان کے نوجوانوں کو ہنر سے روزگار، اور روزگار سے معاشی خودمختاری کی طرف لے جانے کی ایک عملی کوشش ہے۔ جدید ڈیجیٹل معیشت میں بلوچستان کے نوجوانوں کی شمولیت نہ صرف ان کے مستقبل کو بہتر بنا سکتی ہے بلکہ صوبے کی مجموعی معاشی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرسکتی ہے













Leave a Reply