تعلیم کا فروغ اور نوجوانوں کا کردار: وزیراعلیٰ بلوچستان سے تربت یونیورسٹی وفد کی ملاقات

کوئٹہ میں ایک اہم ملاقات کے دوران تربت یونیورسٹی کے وائس چانسلر، فیکلٹی ممبران اور طلبہ کے ایک وفد نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات ظہور احمد بلیدی، پارلیمانی سیکریٹری برائے توانائی میر اصغر رند اور آئی جی ایف سی ساؤتھ میجر جنرل بلال سرفراز بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ، نوجوانوں کے کردار اور بلوچستان میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع کو مزید بہتر بنانے سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ وفد نے صوبے میں تعلیم کی بہتری اور طلبہ کو درپیش چیلنجز کے حوالے سے اپنے خیالات اور تجاویز بھی پیش کیں۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نوجوانوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی میں تعلیم یافتہ نوجوان بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ اپنی تمام تر توجہ تعلیم اور مثبت سرگرمیوں پر مرکوز رکھیں تاکہ مستقبل میں وہ نہ صرف اپنے خاندان بلکہ پورے صوبے کے لیے باعث فخر بن سکیں۔
وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ صوبائی حکومت بلوچستان میں تعلیم کے شعبے کی بہتری کے لیے سنجیدہ اقدامات جاری رکھے گی تاکہ نوجوانوں کو بہتر تعلیمی ماحول اور ترقی کے مزید مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ جدید تعلیم کو فروغ دیا جائے اور نوجوانوں کو ایسے مواقع فراہم کیے جائیں جن سے وہ قومی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *