بلاول بھٹو زرداری سے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی ملاقات، امن و سیاسی استحکام پر تفصیلی تبادلۂ خیال

اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں بلوچستان کی مجموعی سیاسی، انتظامی اور امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ بلوچستان نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو صوبے کی موجودہ انتظامی و سیاسی صورتحال، دہشت گردی کے حالیہ واقعات اور حکومت بلوچستان کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ زیارت سانحے کے متاثرہ خاندانوں کی دلجوئی، ان کے مطالبات کی تکمیل اور انصاف کی فراہمی کے لیے حکومت نے بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے آگاہ کیا کہ لواحقین کے مطالبے پر سانحے کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بھی قائم کر دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے مزید بتایا کہ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام اور سیاسی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے جلد آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) منعقد کی جائے گی، جس میں پارلیمان کے اندر اور باہر موجود تمام سیاسی جماعتوں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی تاکہ صوبے کے مسائل کا مشترکہ اور جامع حل تلاش کیا جا سکے۔

اس موقع پر چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے دہشت گردی کی حالیہ لہر میں شہید ہونے والے فوج، ایف سی، پولیس اور دیگر شہریوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ شہداء کے اہلِ خانہ کے دکھ اور تکلیف کو محسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے زیارت سانحے کے متاثرین کی داد رسی اور مذاکراتی عمل کو کامیاب بنانے میں وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کے مثبت کردار کو سراہا اور اس سلسلے میں تعاون کرنے والی اپوزیشن جماعتوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان کے سیاسی مسائل کا واحد اور مؤثر حل مذاکرات، سیاسی مکالمے اور جمہوری عمل میں مضمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ہمیشہ سیاسی جماعتوں کے درمیان بات چیت اور قومی اتفاقِ رائے پر یقین رکھتی ہے، خواہ وہ جماعتیں حکومت میں ہوں یا اپوزیشن میں۔

انہوں نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان پیپلزپارٹی کے غیر متزلزل مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن عناصر کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پوری قوم متحد ہے اور دہشت گردی کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی رہے گی۔

ملاقات میں بلوچستان میں امن، سیاسی استحکام، متاثرین کو انصاف کی فراہمی اور تمام سیاسی قوتوں کو اعتماد میں لے کر آگے بڑھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *