ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل کا ربی کینال کا دورہ، سیلابی صورتحال کا جائزہ، مؤثر حفاظتی اقدامات کی ہدایت

نصیرآباد: ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل نے آج چھتر فلیجی سے آنے والے سیلابی ریلوں کے ربی کینال میں داخل ہونے کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے ربی کینال کا دورہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ مراد جمالی بہادر خان کھوسہ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

دورے کے دوران متعلقہ محکموں کے افسران نے ڈپٹی کمشنر کو حالیہ بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی ممکنہ سیلابی صورتحال، پانی کے بہاؤ، حفاظتی انتظامات اور نکاسی آب کے اقدامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سیلابی ریلوں کے دباؤ کو کم کرنے، آبادیوں کو محفوظ رکھنے اور زرعی اراضی کو ممکنہ نقصانات سے بچانے کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت مختلف اقدامات پر عملدرآمد جاری ہے۔

ڈپٹی کمشنر وریندر لعل نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سیلابی پانی کو منظم، متوازن اور مربوط انداز میں پھیلایا جائے تاکہ کسی ایک مقام پر پانی کا غیر معمولی دباؤ پیدا نہ ہو اور ممکنہ نقصانات سے مؤثر انداز میں بچاؤ یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ اضافی پانی کو ربی کینال کے ذریعے قبولہ اور دیگر نشیبی علاقوں کی جانب منتقل کیا جائے تاکہ پانی کے بہاؤ میں توازن برقرار رہے اور دستیاب آبی وسائل سے زرعی زمینوں کو بھی زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچایا جا سکے۔

انہوں نے زور دیا کہ تمام متعلقہ محکمے صورتحال کی مسلسل نگرانی جاری رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات کو مزید مؤثر اور فعال بنایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دیتے ہوئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور فرائض کی انجام دہی میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے اور سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری اقدامات بروقت یقینی بنائے جا رہے ہیں تاکہ عوام، املاک اور زرعی اراضی کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جا سکے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *