کوئٹہ: بلوچستان پبلک سروس کمیشن (BPSC) میں تحصیلدار کی آسامیوں سے متعلق سامنے آنے والے معاملے کی تحقیقات کے لیے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کر دی ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے واضح کیا ہے کہ سرکاری ملازمتوں کے عمل میں میرٹ، شفافیت اور نوجوانوں کے حقوق پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ تحقیقاتی کمیٹی معاملے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے گی اور اپنی سفارشات پر مشتمل رپورٹ دس روز کے اندر وزیراعلیٰ بلوچستان کو پیش کرے گی۔
وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ صوبے کے نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر روزگار کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہے۔ بھرتیوں کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنانا اور کسی بھی ممکنہ بے ضابطگی کی صورت میں اس کی مکمل تحقیقات کرنا ضروری ہے تاکہ امیدواروں کا اعتماد بحال رکھا جا سکے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سرکاری آسامیوں پر تقرری کا عمل قابلیت، اہلیت اور میرٹ کی بنیاد پر آگے بڑھایا جائے گا اور نوجوانوں کے حقوق کا ہر صورت تحفظ کیا جائے گا۔
تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد معاملے کی مزید صورتحال واضح ہو سکے گی













Leave a Reply