پیر کو چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی اور صوبائی اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں بلوچستان میں امن و امان کی موجودہ صورتحال، افغان مہاجرین کی واپسی، حوالہ ہنڈی اور بھتہ خوری کے خاتمے، اسمگلنگ کی روک تھام اور دیگر اہم امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں چیئرمین نادرا، ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے، ڈائریکٹر جنرل این سی سی آئی اور انسپکٹر جنرل فیڈرل کانسٹیبلری نے اپنے اپنے اداروں کی کارکردگی، صوبے میں غیر قانونی سرگرمیوں کے سدباب اور امن و استحکام کے قیام کے لیے جاری اقدامات کے بارے میں جامع بریفنگ دی۔ اس دوران یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ صوبے میں فیڈرل کانسٹیبلری کے دو ونگز پہلے مرحلے میں تعینات کیے جائیں گے اور مجموعی طور پر تقریباً تین ہزار اہلکار حساس علاقوں میں فرائض سرانجام دیں گے تاکہ امن و امان کی صورتحال مزید مستحکم ہو۔
اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کو مزید فعال بنایا جائے گا اور ادارے میں موجود خالی آسامیوں پر مقامی افراد کی بھرتی کی جائے گی تاکہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں اور مقامی سطح پر ادارے کی کارکردگی مضبوط ہو۔ اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر ریاست مخالف سرگرمیوں کی مؤثر نگرانی کو یقینی بنانے اور عوام کو گمراہ کرنے والے عناصر کے خلاف قانونی کارروائیوں کو تیز کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان حکومت کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت صوبے میں امن و استحکام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مکمل تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان پولیس کی پیشہ ورانہ استعداد کار میں اضافے، جدید تربیت اور وسائل کی فراہمی کے لیے بھی بھرپور معاونت فراہم کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف سیکیورٹی فورسز کی نہیں بلکہ پوری قوم کی مشترکہ جنگ ہے اور اس میں قومی اتحاد و یکجہتی بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی مؤثر حکمت عملی اور اداروں کے باہمی تعاون کے باعث صوبے میں صورتحال میں واضح بہتری آئی ہے اور آج بلوچستان میں احتجاج کے نام پر کوئی شاہراہ بند نہیں ہوتی۔ وزیر اعلیٰ نے وفاقی حکومت کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشترکہ کاوشوں اور مربوط حکمت عملی کے ذریعے دہشت گردی اور بدامنی کے چیلنجز کو شکست دی جائے گی۔
اجلاس کے اختتام پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وفاق اور صوبائی حکومت باہمی تعاون اور مربوط حکمت عملی کے ذریعے بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام، ریاستی عملداری کے استحکام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنائیں گے۔ اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی میر ضیاء لانگو، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حمزہ شفقات، آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر خان، پرنسپل سیکرٹری برائے وزیر اعلیٰ عمران زرکون سمیت دیگر حکام نے بھی شرکت کی۔
بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کے لیے وفاق اور صوبائی حکومت کا جامع اجلاس













Leave a Reply