بلوچستان میں میٹرک امتحانات 10 فروری سے شروع، نقل کے خاتمے کیلئے سخت اقدامات کا اعلان

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اعلان کیا ہے کہ صوبے بھر میں میٹرک بورڈ کے سالانہ امتحانات 10 فروری 2026 سے باقاعدہ طور پر شروع ہو رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ امتحانی عمل کو شفاف اور منصفانہ بنانے کیلئے حکومت نے جامع حکمتِ عملی تیار کرلی ہے تاکہ طلبہ کو میرٹ کے مطابق نتائج مل سکیں۔
وزیر اعلیٰ نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ نقل کے خلاف کسی قسم کی نرمی یا رعایت نہیں برتی جائے گی۔ ان کے مطابق نقل کی روک تھام سے متعلق کیے گئے فیصلوں پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ امتحانی مراکز کی مؤثر نگرانی یقینی بنانے کیلئے پولیس، ڈپٹی کمشنرز اور محکمہ تعلیم مشترکہ طور پر فرائض انجام دیں گے۔
میر سرفراز بگٹی کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کا پختہ عزم ہے کہ بلوچستان کو تعلیم سمیت ہر شعبے میں بدعنوانی سے پاک کیا جائے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ سخت اور مؤثر اقدامات کے باعث امتحانی نظام میں شفافیت آئے گی، طلبہ کی محنت کا صحیح صلہ ملے گا اور تعلیمی معیار میں بہتری ممکن ہو سکے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *