کوئٹہ میں جدید ٹریفک نظام کا آغاز: اے آئی بیسڈ سگنلز سے شہریوں کو بہتر سفری سہولیات

صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بڑھتے ہوئے ٹریفک مسائل کے مستقل حل کے لیے حکومت بلوچستان نے جدید اے آئی (Artificial Intelligence) بیسڈ ٹریفک سگنلز نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت اجلاس میں شہر میں جدید ٹریفک مینجمنٹ سسٹم کے نفاذ کی حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اے آئی بیسڈ ٹریفک سگنلز ٹریفک کے بہاؤ کو خودکار انداز میں کنٹرول کریں گے، جس سے رش میں کمی، سفر کے دورانیے میں بہتری اور شہریوں کو محفوظ و منظم سفری سہولیات میسر آئیں گی۔

وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ جدید، مؤثر اور پائیدار ٹریفک نظام کے قیام کے لیے مربوط اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی سہولت، محفوظ ٹریفک نظام اور جدید شہری انفراسٹرکچر حکومت بلوچستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹریفک مسائل کا حل حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کا اہم حصہ ہے، جبکہ اے آئی بیسڈ ٹریفک مینجمنٹ سے سڑکوں پر نظم و ضبط، شفافیت، مؤثر نگرانی اور بہتر سفری ماحول کو فروغ ملے گا۔

حکومت بلوچستان کا عزم ہے کہ ٹیکنالوجی پر مبنی اقدامات کے ذریعے کوئٹہ کو ایک جدید، محفوظ اور منظم شہر بنایا جائے تاکہ شہریوں کو عالمی معیار کی سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *