کوئٹہ، 25 جولائی 2026: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ملاقات کی۔ بعد ازاں دونوں رہنماؤں کی مشترکہ زیر صدارت بلوچستان میں امن و امان کی مجموعی صورتحال سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کی سیکیورٹی صورتحال، انسداد دہشت گردی اقدامات اور مستقبل کی حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبے میں امن و امان کی موجودہ صورتحال، جاری سیکیورٹی اقدامات اور مستقبل کے لائحہ عمل پر جامع بریفنگ دی۔ اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے وفاق اور صوبائی حکومت مکمل ہم آہنگی اور یکجہتی کے ساتھ کام جاری رکھیں گے۔
اجلاس میں بلوچستان پولیس اور انسداد دہشت گردی فورس (CTD) کی پیشہ ورانہ استعداد کار کو مزید مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ صوبائی پولیس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے جاری اقدامات پر پیش رفت تیز کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ وفاقی وزارت داخلہ نے اس مقصد کے لیے درکار وسائل، آلات اور تکنیکی معاونت کی فراہمی میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن کا قیام وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ امن کی بحالی کے لیے تیار کیے گئے ماسٹر پلان پر فوری، مؤثر اور مربوط انداز میں عملدرآمد وقت کی اہم ضرورت ہے۔
محسن نقوی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ امن و امان کی حکمت عملی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے بلوچستان پولیس کے سابق سربراہان کے تجربات اور مشاورت سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی جیسے پیچیدہ چیلنج سے نمٹنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی، مؤثر انٹیلی جنس شیئرنگ اور مربوط حکمت عملی ناگزیر ہے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہر محاذ پر ایک قدم آگے رہتے ہوئے پوری قوت سے کارروائیاں جاری رکھے گی اور کسی قسم کے دباؤ کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاست کی رٹ ہر قیمت پر قائم رکھی جائے گی اور دہشت گرد عناصر کے لیے بلوچستان کی سرزمین پر کوئی جگہ نہیں چھوڑی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ امن اور ترقی ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں، اسی لیے حکومت ایک جانب دہشت گردی کے خلاف مؤثر اقدامات کر رہی ہے جبکہ دوسری جانب نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، روزگار اور مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرٹ کے فروغ کے ذریعے نوجوانوں کا اعتماد بحال کیا جا رہا ہے تاکہ انہیں آگے بڑھنے کے مساوی مواقع میسر آئیں۔
میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وفاقی حکومت کے تعاون سے بلوچستان میں امن و امان کے قیام، اداروں کی استعداد کار میں اضافے اور ترقیاتی منصوبوں پر مزید تیزی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ صوبے میں پائیدار امن، استحکام اور خوشحالی کی نئی راہیں ہموار کی جا سکیں













Leave a Reply