کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی جمعہ کے روز شہید ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ کی رہائش گاہ پہنچے، جہاں انہوں نے شہید کے اہل خانہ سے تعزیت و فاتحہ خوانی کی، شہید کے بچوں سمیت دیگر لواحقین سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ نے شہید عبدالحکیم کاکڑ کی بلندیٔ درجات، مغفرت اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کے لیے دعا کی، جبکہ سوگوار خاندان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان شہداء کے خاندانوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی اور ہر مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ شہید عبدالحکیم کاکڑ نے قانون کی بالادستی، انصاف کی فراہمی اور ریاستی نظام کے تحفظ کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ ان کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی اور تاریخ انہیں سنہری الفاظ میں یاد رکھے گی۔
وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ شہید عبدالحکیم کاکڑ کے بچوں کی کفالت اور ان کی تعلیم کے تمام اخراجات حکومت بلوچستان برداشت کرے گی تاکہ ان کی تعلیم، تربیت اور روشن مستقبل پر کسی قسم کا منفی اثر نہ پڑے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے اہل خانہ کی دیکھ بھال ریاست اور حکومت کی آئینی و اخلاقی ذمہ داری ہے، جس کی ادائیگی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ذریعے بلوچستان کے امن، ترقی اور ریاستی اداروں کو کمزور کرنے کی ہر سازش ناکام بنائی جائے گی۔ دہشت گرد عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے اور حکومت بلوچستان دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے تمام ریاستی اداروں اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ بھرپور یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کی عظیم قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی اور امن دشمن عناصر کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا تاکہ بلوچستان میں پائیدار امن، انصاف اور استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
بعد ازاں وزیراعلیٰ بلوچستان نے مقامی اسپتال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے دہشت گردوں کے حملے میں زخمی ہونے والے ایڈیشنل سیشن جج طارق لاشاری کی عیادت کی، ان کی خیریت دریافت کی اور انہیں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ ڈاکٹروں کو زخمی جج کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے ان کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے امن، انصاف اور ریاستی رٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ حکومت دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لاتی رہے گی













Leave a Reply