کوئٹہ، 18 جون 2026: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے جمعرات کے روز کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین عبدالکریم جعفری کی قیادت میں ایک وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں کیسکو کی مجموعی کارکردگی، بجلی کی ترسیل و تقسیم کے نظام میں بہتری، صارفین کو درپیش مسائل، واجبات کی وصولی، لائن لاسز میں کمی، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی میٹر ریڈنگ سسٹم سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
کیسکو حکام نے وزیر اعلیٰ کو ادارے کی کارکردگی، جاری اصلاحاتی اقدامات اور مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ وفد نے بجلی کے نظام کو مزید مؤثر، شفاف اور جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے اے آئی بیسڈ میٹر ریڈنگ سسٹم اور دیگر جدید ٹیکنالوجیز کے نفاذ سے بھی آگاہ کیا۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ہدایت کی کہ عوام کو بلاتعطل بجلی اور مستحکم وولٹیج کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال شفافیت، کارکردگی اور صارفین کے اعتماد میں اضافے کا باعث بنے گا۔ وزیر اعلیٰ نے بجلی چوری کے خاتمے اور واجبات کی مؤثر وصولی کے لیے جامع حکمت عملی اپنانے پر بھی زور دیا تاکہ قومی وسائل کے ضیاع کو روکا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوامی مفاد کے منصوبوں میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی اور بجلی کے نظام کی بہتری کے لیے وفاقی اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھا جائے گا۔
دریں اثناء ویمن پارلیمنٹرین کاکس کے ایک وفد نے بھی وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں خواتین اراکین کے پارلیمانی کردار، سیاسی شمولیت، قانون سازی کے عمل میں مؤثر نمائندگی اور خواتین کو درپیش مختلف مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفد نے خواتین کی فلاح و بہبود، بااختیار بنانے اور فیصلہ سازی کے عمل میں مؤثر شرکت کے لیے صوبائی حکومت کے اقدامات کو سراہا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ خواتین معاشرے کا اہم اور مؤثر حصہ ہیں اور بلوچستان کی ترقی و خوشحالی میں ان کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت خواتین کو تعلیم، صحت، روزگار اور سیاسی نمائندگی کے شعبوں میں مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ خواتین اراکین اسمبلی کی آراء اور تجاویز حکومت کے لیے نہایت اہم ہیں اور ان کی مشاورت سے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو مزید مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے خواتین کی سماجی، معاشی اور سیاسی ترقی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت ایک ایسے معاشرے کے قیام کے لیے کوشاں ہے جہاں خواتین کو ترقی اور آگے بڑھنے کے یکساں مواقع میسر ہوں













Leave a Reply