پسنی میں حکومتِ بلوچستان کے رمضان ریلیف پروگرام کے تحت مستحق اور کم آمدنی والے خاندانوں تک راشن کی فراہمی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے عوامی فلاحی وژن کے مطابق تحصیل کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ کوئی بھی ضرورت مند اس سہولت سے محروم نہ رہے۔
ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں یہ سرگرمیاں مربوط انداز میں انجام دی جا رہی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر پسنی اور پاک فوج کے تعاون سے راشن مستحقین تک شفاف طریقے سے پہنچایا جا رہا ہے۔ انتظامی حکام نے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے تقسیم کے عمل کی نگرانی کی اور اہل خانہ کو براہِ راست راشن بیگز فراہم کیے۔
فراہم کیے جانے والے پیکج میں روزمرہ استعمال کی بنیادی اشیاء شامل ہیں جن میں آٹا، چاول، دالیں، چینی اور دیگر ضروری سامان رکھا گیا ہے، تاکہ رمضان المبارک کے دوران گھریلو ضروریات پوری کرنے میں آسانی ہو سکے۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد حکومتی امداد کو بلا تعطل حقیقی حقداروں تک پہنچانا اور کمزور طبقات کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق راشن کی تقسیم مرحلہ وار جاری رہے گی اور پورے عمل میں شفافیت اور منصفانہ طریقہ کار کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ رمضان کے مقدس مہینے میں مستحق افراد کو بھرپور سہولت میسر آ سکے۔
پسنی میں رمضان ریلیف پیکج کے تحت مستحق خاندانوں میں راشن کی فراہمی کا سلسلہ جاری













Leave a Reply