زیر اعلیٰ بلوچستان کا افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین اور دشمن کو دوٹوک پیغام

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بھارتی جارحیت کے خلاف پاک فوج اور فضائیہ کے دندان شکن جواب پر افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور پاک فضائیہ نے دشمن کو بھرپور اور مؤثر جواب دے کر ثابت کیا ہے کہ پاکستان کی دفاعی قوت کسی سے کم نہیں۔ انہوں نے آپریشن “بنیان المرصوص” کو پاک افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ قرار دیا اور کہا کہ یہ آپریشن دشمن کے عزائم کے خلاف ایک مضبوط اور مربوط دفاعی اقدام ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہماری افواج ہمارا فخر ہیں، جنہوں نے ہمیشہ ملک کی سرزمین اور اس کی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ دینے سے بھی دریغ نہیں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے لیکن اپنی خودمختاری اور سالمیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اگر کسی نے جارحیت کی کوشش کی تو اسے بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان نے نہ صرف میدان میں بلکہ سفارتی سطح پر بھی بھارت کے ناپاک عزائم کو بے نقاب کیا ہے اور عالمی برادری کو بھارت کی اشتعال انگیزیوں سے آگاہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ “آپریشن بنیان المرصوص” قومی یکجہتی اور وحدت کی علامت ہے، اور پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے اپنے بیان کے اختتام پر کہا کہ دشمن کسی غلط فہمی میں نہ رہے، پاکستان اپنے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے اور ہر محاذ پر دشمن کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔ پاکستان ہمیشہ زندہ باد۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *