وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں انڈس ہسپتال کے تعاون سے طبی سہولیات کی فراہمی کے منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ، چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر خان، سیکریٹری صحت مجیب الرحمٰن پانیزئی، ڈی جی صحت ڈاکٹر امین مندوخیل اور انڈس ہسپتال کے حکام نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران انڈس ہسپتال کے نمائندوں نے بلوچستان میں جاری طبی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ خاص طور پر سوئی اور بیکڑ میں طبی سہولیات کی فراہمی، ڈاکٹرز کی تعیناتی، اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے حوالے سے پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان ڈاکٹرز اور طبی عملے کو رہائش سمیت تمام ضروری سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈاکٹرز اور کنسلٹنٹس کی ہائرنگ جلد از جلد مکمل کی جائے اور کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ وہ آئندہ ماہ خود سوئی اور بیکڑ کا دورہ کریں گے تاکہ وہاں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا ازخود جائزہ لے سکیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ہے اور اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔













Leave a Reply