سوئی، کشمور روڈ منصوبے کی سنگ بنیاد – بلوچستان کی ترقی کی نئی راہیں

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سوئی، کشمور روڈ منصوبے کی سنگ بنیاد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبے کی ترقی اور قومی سلامتی سے متعلق متعدد اہم اعلانات کیے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت زراعت، تعلیم اور معیشت کے شعبوں میں حقیقی تبدیلی لانے کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ عوام کو بہتر مستقبل فراہم کیا جا سکے۔

وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ کچھی کینال کی بحالی مکمل ہو چکی ہے اور اس کے فیز 2 اور 3 بھی جلد مکمل کیے جائیں گے، جن کی بدولت بلوچستان کی بنجر زمینیں زرعی پیداوار کا مرکز بن جائیں گی۔ انہوں نے میر غلام قادر بگٹی یونیورسٹی کیمپس کی جلد تعمیر کے آغاز کا اعلان بھی کیا، جو خطے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔

مزید برآں، انہوں نے پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ کے ساتھ معاہدے پر عمل درآمد کی خوشخبری سنائی جس کے تحت ریٹائرڈ مزدوروں کے بچوں کو ملازمتیں دی جائیں گی، اور سوئی ٹاؤن میں پانچ ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کیے جائیں گے۔ ان منصوبوں میں سڑکوں کی تعمیر، گلیوں کی پختگی اور شمسی توانائی کے نظام شامل ہیں، جو مقامی آبادی کی معیار زندگی میں نمایاں بہتری لائیں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میر سرفراز بگٹی نے ریاست مخالف سوشل میڈیا پروپیگنڈے پر بھی سخت ردعمل دیا اور کہا کہ پاکستان ایک ذمے دار ریاست ہے جو امن کی خواہاں ہے لیکن اگر جنگ مسلط کی گئی تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت اولین ترجیح ہے اور دشمن کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

ان اقدامات سے واضح ہوتا ہے کہ بلوچستان حکومت عوامی فلاح و بہبود، تعلیم و ترقی اور قومی سلامتی کے لیے نہ صرف سنجیدہ ہے بلکہ تیزی سے عمل بھی کر رہی ہے۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *