بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ (BEEF) نے تعلیمی سال 2024-25 کے لیے ڈپلومہ آف ایسوسی ایٹ انجینئرنگ (DAE) اسکالرشپ کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد صوبے کے نوجوانوں کو فنی اور تکنیکی مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے۔ اس پروگرام کے تحت بلوچستان بھر سے 501 ہونہار طلباء و طالبات کو منتخب کیا جائے گا جنہیں مجموعی طور پر دو کروڑ روپے (20,000,000) کی مالی امداد فراہم کی جائے گی۔ ہر طالبعلم کو سالانہ 40,000 روپے دیے جائیں گے تاکہ وہ اپنے تعلیمی اخراجات پورے کر سکیں اور فنی تعلیم میں مہارت حاصل کریں۔ اسکالرشپ پروگرام میں بلوچستان کے 51 رجسٹرڈ سرکاری و نجی ادارے شامل کیے گئے ہیں۔
اس اسکالرشپ کے لیے چند شرائط رکھی گئی ہیں، جن میں بلوچستان کا ڈومیسائل، منتخب ادارے میں DAE پروگرام میں باقاعدہ داخلہ، سال 2024 کے امتحانات میں کم از کم 60 فیصد نمبر، اور 75 فیصد حاضری لازمی ہے۔ یہ اسکالرشپ اُن مستحق طلباء و طالبات کے لیے ہے جو مالی دشواریوں کی وجہ سے تعلیم جاری رکھنے سے قاصر ہیں۔ پروگرام کا مقصد نہ صرف تعلیمی ترقی کو فروغ دینا ہے بلکہ نوجوانوں کو پیشہ ورانہ میدان میں مضبوط بنانا بھی ہے تاکہ وہ خود کفیل بن سکیں۔
درخواست دہندگان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام معلومات درست فراہم کریں کیونکہ کسی بھی قسم کی غلط بیانی یا جعلی دستاویزات کی صورت میں اسکالرشپ منسوخ کر دی جائے گی اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس اہم اقدام سے بلوچستان کے نوجوانوں کو بہتر مستقبل کی طرف بڑھنے کا موقع میسر آئے گا۔ مزید معلومات کے لیے امیدوار www.beef.org.pk پر وزٹ کریں یا 081-2870015 / +92 81 2870630 پر رابطہ کریں۔













Leave a Reply