کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت کوئٹہ ڈویلپمنٹ پروجیکٹ سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت اور مجوزہ نئے منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔ کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات اور پروجیکٹ ڈائریکٹر رفیق بلوچ نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ کوئٹہ کی روایتی خوبصورتی کی بحالی کا فیصلہ کرلیا گیا ہے اور اس سلسلے میں جامع پلان پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اجلاس میں گنجان آباد علاقوں کی شاہراہوں کی توسیع اور خوبصورتی کے لیے نئے منصوبے شروع کرنے کی تجاویز بھی پیش کی گئیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایئرپورٹ روڈ کی توسیع و خوبصورتی کا منصوبہ شروع کردیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ وہ کوئٹہ کو ملک کا خوبصورت ترین شہر بنانے کے خواہاں ہیں اور ہدایت کی کہ ایئرپورٹ روڈ سمیت تمام منصوبوں میں اعلیٰ معیار ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
وزیر اعلیٰ نے یہ بھی اعلان کیا کہ سڑک کی توسیع کی زد میں آنے والے 14 کچے گھروں کے مکینوں کو متبادل جگہ پر تمام سہولیات سے آراستہ خوبصورت پختہ گھر فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ ترقی و خوبصورتی کے ان منصوبوں کے نتائج مقامی شہریوں اور دوسرے شہروں سے آنے والے افراد کے لیے واضح اور نمایاں ہونے چاہئیں۔
وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ تمام منصوبوں میں مقررہ ٹائم لائن اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے ایئرپورٹ روڈ بیوٹیفکیشن پروجیکٹ کے تحت خوبصورتی کو نقصان پہنچانے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت بھی دی۔ ساتھ ہی حکم دیا کہ خوبصورت بنائی گئی دیواروں پر وال چاکنگ کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے۔
اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی، مشیر برائے بلدیات نوابزادہ بابا امیر حمزہ خان زہری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری برائے ترقیات و منصوبہ بندی حافظ عبدالباسط، پرنسپل سیکرٹری بابر خان، سیکرٹری مواصلات لعل جان جعفر اور دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں کوئٹہ ڈویلپمنٹ پروجیکٹ کے تمام پہلوؤں کا جامع جائزہ لیا گیا اور مستقبل کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔













Leave a Reply