سردار بہرام خان بلیدی کے انتقال پر وزیر اعلیٰ بلوچستان کا اظہارِ تعزیت

کراچی میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی نے محکمہ ترقی نسواں کی مشیر ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی، میر عطا اللہ خان بلیدی اور میر اسد اللہ خان بلیدی کے والد محترم سردار بہرام خان بلیدی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے بلیدی خاندان سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ سردار بہرام خان ایک باوقار، مہذب اور عوام دوست شخصیت تھے جنہوں نے ہمیشہ علاقے کے عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنایا۔ ان کی سماجی خدمات اور قبائلی تنازعات میں مصالحتی کردار کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔

میر سرفراز احمد بگٹی نے مرحوم کے اہلِ خانہ سے ملاقات کے دوران ان کے غم میں شریک ہوتے ہوئے کہا کہ سردار بہرام خان کی وفات سے بلوچستان ایک بزرگ اور بااثر رہنما سے محروم ہو گیا ہے۔ ان کی کمی ہمیشہ محسوس کی جاتی رہے گی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔ وزیر اعلیٰ نے بلیدی خاندان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سردار بہرام خان کا ورثہ ان کے صاحبزادگان اور خاندان کے دیگر افراد میں زندہ رہے گا جو ان کی طرح معاشرے کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *