محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) بلوچستان نے ایک اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے کوئٹہ شہر کو ممکنہ طور پر بڑی دہشت گردی سے بچا لیا۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق یہ کارروائی انٹیلیجنس اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی، جس میں مشکوک نقل و حرکت اور اسلحہ و بارود کے ذخیرے کی موجودگی کی نشاندہی کی گئی تھی۔ سی ٹی ڈی نے فوری اور پیشہ ورانہ ردعمل دیتے ہوئے سریاب روڈ کے علاقے میں چھاپہ مارا اور اس دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا، جس میں آئی ای ڈیز، خودکار ہتھیار، دستی بم اور دیگر خطرناک مواد شامل ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ دہشت گرد آئندہ 24 سے 72 گھنٹوں کے دوران کوئٹہ میں بڑے حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، جسے سی ٹی ڈی نے بروقت ناکام بنا دیا۔ اگرچہ کارروائی کے دوران کوئی دہشت گرد موقع پر موجود نہیں تھا، تاہم نامعلوم ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ترجمان نے واضح کیا کہ بلوچستان کا امن خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی اور ایسی کسی بھی سازش کو سختی سے کچلا جائے گا۔ اس کامیاب آپریشن سے نہ صرف کوئٹہ بلکہ پورے بلوچستان میں دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ایک بڑا دھچکا پہنچا ہے۔













Leave a Reply