وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا سوئی کا دورہ، ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سوئی رنگ روڈ اور گیس کی فراہمی سے متعلق مختلف منصوبوں کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) کے زیر اہتمام ایک تقریب بھی منعقد ہوئی جس میں قبائلی عمائدین، مقامی عمائدین اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران پی پی ایل کی جانب سے مختلف مدات میں چیکس تقسیم کیے گئے جبکہ ادارے میں بہترین کارکردگی دکھانے والے ملازمین کو اسناد سے بھی نوازا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے ملازمین کی محنت اور لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ اداروں کی ترقی میں محنتی افراد کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت بلوچستان صوبے کے تمام علاقوں کی یکساں ترقی کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پسماندہ اور دور دراز علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کو ترجیح دی جا رہی ہے تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکیں اور ان کے معیار زندگی میں بہتری لائی جا سکے۔
انہوں نے بگٹی نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب اس علاقے کے نوجوان تعلیم کے میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بگٹی طلبہ اپنی محنت اور صلاحیتوں کے ذریعے نہ صرف اپنے علاقے بلکہ پورے صوبے کا نام روشن کریں گے۔
وزیر اعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیم معاشرتی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہے۔ تعلیم کے فروغ سے نہ صرف نئی راہیں کھلتی ہیں بلکہ معاشرے میں مثبت تبدیلی بھی آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تعلیمی مواقع کو بہتر بنانے اور نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے لیے مزید سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر، گیس کی فراہمی اور دیگر بنیادی انفراسٹرکچر کے منصوبے عوامی سہولت کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ حکومت کی کوشش ہے کہ ایسے منصوبوں کے ذریعے لوگوں کی زندگی میں آسانیاں پیدا کی جائیں اور علاقے میں ترقی کا عمل تیز کیا جائے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے کے پسماندہ علاقوں میں ترقیاتی سرگرمیوں کو مزید تیز کیا جائے گا تاکہ وہاں کے عوام کو بھی وہی سہولیات میسر آئیں جو دیگر علاقوں میں دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بہتر معیار زندگی فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *