رمضان المبارک کے دوران عوام کو مہنگائی سے ریلیف فراہم کرنے کے لیے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ انتظامیہ کی ٹیمیں مختلف بازاروں اور دکانوں کا معائنہ کر کے سرکاری نرخ نامے پر عملدرآمد کو یقینی بنا رہی ہیں تاکہ شہریوں کو مناسب قیمتوں پر اشیائے ضروریہ دستیاب رہ سکیں۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک 278 دکانوں کا معائنہ کیا گیا، جبکہ سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی پر 58 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ان میں سے 35 افراد کو جیل منتقل کیا گیا جبکہ مختلف علاقوں میں 28 دکانوں کو سیل بھی کیا گیا ہے۔
سب ڈویژن سٹی میں انتظامیہ نے 84 دکانوں کا معائنہ کیا، جس کے دوران 16 افراد کو گرفتار کیا گیا اور 8 دکانوں کو سیل کر دیا گیا۔ اسی طرح سب ڈویژن صدر میں 72 دکانوں کی چیکنگ کی گئی جہاں 13 افراد کو گرفتار کیا گیا اور 6 دکانوں کو سیل کیا گیا۔
سب ڈویژن سریاب میں کارروائیوں کے دوران 65 دکانوں کا معائنہ کیا گیا، 15 افراد کو گرفتار کیا گیا اور 5 دکانوں کو سیل کیا گیا۔ جبکہ سب ڈویژن کچلاک میں 50 دکانوں کی جانچ پڑتال کی گئی، 9 افراد کو گرفتار کیا گیا اور 5 دکانوں کو سیل کیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران مصنوعی مہنگائی، ذخیرہ اندوزی اور سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ جو بھی دکاندار مقررہ قیمتوں سے زیادہ نرخ وصول کرتے ہوئے پایا گیا اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
رمضان المبارک میں عوامی ریلیف کیلئے ضلعی انتظامیہ کا منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن













Leave a Reply