ایران کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں بلوچستان حکومت الرٹ، تفتان بارڈر پر انتظامات مکمل

کوئٹہ: ایران کی موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت بلوچستان نے سیکیورٹی اور انتظامی اقدامات کو مزید مؤثر بنا دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایات پر صوبائی حکومت اور تمام متعلقہ ادارے مکمل طور پر متحرک اور الرٹ ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
حکام کے مطابق پاکستان اور ایران کے درمیان واقع تفتان بارڈر پر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور وہاں آنے والے مسافروں کی سہولت اور حفاظت کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ایران سے پاکستان آنے والے شہریوں اور غیر ملکی افراد کی آمد کا سلسلہ جاری ہے جنہیں بارڈر پر ضروری سہولیات اور معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق اب تک تفتان بارڈر کے ذریعے 19 افراد پاکستان میں داخل ہو چکے ہیں جن میں سفارتی عملے سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل ہیں۔ متعلقہ ادارے ان افراد کی آمد و رفت کو منظم انداز میں یقینی بنا رہے ہیں۔
حکومت بلوچستان کا کہنا ہے کہ عوام اور مسافروں کی سلامتی اور سہولت کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے اور اس مقصد کے لیے تمام ادارے باہمی تعاون کے ساتھ اقدامات کر رہے ہیں۔ حکام کے مطابق سرحدی علاقوں میں صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل دیا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *