اسلام آباد میں چیئرمین پیپلزپارٹی اور وزیراعلیٰ بلوچستان کی ملاقات، ترقیاتی امور پر مشاورت

اسلام آباد میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ملاقات کی، جس میں صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال، جاری ترقیاتی منصوبوں اور آئندہ حکمتِ عملی پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ نے صوبے میں جاری عوامی فلاحی اقدامات، امن و امان کی صورتحال اور ترقیاتی اسکیموں کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔
وزیراعلیٰ نے بنیادی ڈھانچے کی بہتری، تعلیم و صحت کے شعبوں میں اصلاحات، مواصلاتی نظام کی مضبوطی اور ساحلی علاقوں کی ترقی کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت بلوچستان پسماندہ اور دور دراز علاقوں کو ترقی کے عمل میں شامل کرنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے اور وسائل کے شفاف اور مؤثر استعمال کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبے کی پائیدار ترقی اور عوام کی خوشحالی پارٹی کی اہم ترجیح ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وفاقی سطح پر بلوچستان کے مسائل کے حل اور جاری منصوبوں کی تکمیل کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔
ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ بلوچستان کی سماجی و معاشی بہتری، نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع کی فراہمی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششوں کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *