وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی مینگل ہاؤس کراچی آمد اور سابق وزیر اعلیٰ میر محمد نصیر خان مینگل کی عیادت

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کراچی میں مینگل ہاؤس کا دورہ کیا اور سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان میر محمد نصیر خان مینگل کی عیادت کی۔ اس موقع پر سینیٹر آغا شاہزیب درانی اور صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ بھی وزیر اعلیٰ کے ہمراہ تھے۔ وزیر اعلیٰ نے میر محمد نصیر خان مینگل کی خیریت دریافت کی اور ان کی صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اس دوران پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما میر شفیق الرحمان مینگل سے تفصیلی ملاقات بھی ہوئی، جس میں بلوچستان کی سیاسی صورتحال اور بالخصوص این اے 256 خضدار کے ضمنی انتخاب پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے میر شفیق الرحمان مینگل کی کامیابی کے لیے ہر ممکن سیاسی و تنظیمی تعاون کی یقین دہانی کرائی اور پارٹی کو منظم، متحرک اور فعال رکھنے پر زور دیا۔ ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ایک مربوط حکمت عملی کے تحت انتخابی مہم کو آگے بڑھایا جائے گا تاکہ خضدار کے عوام کو مؤثر نمائندگی اور سیاسی استحکام فراہم کیا جا سکے۔ اس موقع پر ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند، میر حمود الرحمان مینگل، میر فدا احمد قلندرانی، میر آزمیر جان مینگل، میر آزرم مینگل اور دیگر بھی موجود تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *