وزیر اعلیٰ بلوچستان Mir Sarfraz Bugti کی زیر صدارت ایک اجلاس میں رکھنی تا بیکڑ بلیک ٹاپ روڈ کی تعمیر کے حوالے سے جاری کام کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر منصوبے کی پیش رفت، درپیش رکاوٹوں اور تکمیل کے شیڈول پر تفصیلی غور کیا گیا۔
بریفنگ کے دوران سامنے آنے والی صورتحال پر وزیر اعلیٰ نے کام کی رفتار پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر کسی صورت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ تعمیراتی عمل میں تیزی لائی جائے اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
وزیر اعلیٰ نے متعلقہ کمپنی کے پراجیکٹ ڈائریکٹر، سپرنٹنڈنگ کنسلٹنٹ اور ایکسیئن کو ہدایت کی کہ وہ منصوبے کی تکمیل تک موقع پر موجود رہیں تاکہ کام کی نگرانی مؤثر انداز میں کی جا سکے اور کسی بھی رکاوٹ کو فوری طور پر دور کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ سڑک کی بلیک ٹاپنگ اور اس سے منسلک پلوں کی تعمیر ہر صورت مقررہ مدت کے اندر مکمل کی جائے، تاکہ عوام کو بروقت بہتر سفری سہولیات فراہم ہو سکیں۔
اجلاس میں سیکرٹری مواصلات و تعمیرات کو بھی ہدایت کی گئی کہ وہ باقاعدگی سے، کم از کم ماہانہ بنیادوں پر، منصوبے کے مقام کا دورہ کریں اور پیش رفت کی نگرانی کو یقینی بنائیں۔
وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
رکھنی تا بیکڑ بلیک ٹاپ روڈ منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ، سست روی پر سخت ہدایات













Leave a Reply