کوئٹہ (20 مارچ): وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے جمعۃ الوداع، چاند رات اور عالمی یومِ خوشی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ ایام انسانیت کے لیے امید، یکجہتی اور باہمی محبت کو فروغ دینے کا بہترین موقع فراہم کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خوشی، امن اور فلاح ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور حکومت ایک ایسا سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے جہاں عوام خود کو محفوظ اور مطمئن محسوس کریں۔
انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک ہمیں صبر، برداشت اور دوسروں کے ساتھ ہمدردی کا درس دیتا ہے، اور ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم ان اعلیٰ اقدار کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں تاکہ ایک بہتر اور متوازن معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔ ان کے مطابق حقیقی خوشی اسی وقت ممکن ہے جب ہم دوسروں کے لیے آسانیاں پیدا کریں اور معاشرے میں محبت، بھائی چارے اور رواداری کو فروغ دیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے چاند رات کے موقع پر سیکیورٹی کے مؤثر اور جامع انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں تاکہ خوشیوں کے یہ لمحات محفوظ اور پُرسکون رہیں۔
آخر میں انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی خوشیاں ذمہ داری اور احتیاط کے ساتھ منائیں، تاکہ معاشرے میں امن، سکون اور خوشحالی کا ماحول برقرار رکھا جا سکے۔
جمعۃ الوداع اور چاند رات: خوشی، امن اور ذمہ داری کا پیغام













Leave a Reply