بلوچستان میں دہشتگرد تنظیمیں سادہ لوح عوام کو خوفزدہ کرکے اپنے ساتھ شامل کرنے اور ریاستی اداروں کو کمزور ثابت کرنے کے لیے مسلسل جھوٹا پراپیگنڈہ کر رہی ہیں۔ یہ گروہ حقیقت میں سیکیورٹی فورسز کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں رکھتے اور صرف کمزور اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔ جب یہ اپنے مذموم عزائم میں ناکام ہو جاتے ہیں تو جھوٹے حملوں کا دعویٰ کرکے عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں۔
حال ہی میں کیچ مند میں ریاستی ادارے پر حملے کی خبر کو بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی کے طور پر پھیلایا گیا، جو سراسر جھوٹ اور بے بنیاد ہے۔ دشمن عناصر کی ہمیشہ یہی حکمت عملی رہی ہے کہ وہ سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع کو استعمال کرکے جھوٹی خبریں پھیلاتے ہیں تاکہ بلوچستان کے عوام اور ریاست کے درمیان خلیج پیدا کی جا سکے۔ تاہم، عوام اب ان جھوٹے دعوؤں اور گمراہ کن خبروں سے بخوبی واقف ہو چکے ہیں۔
ریاستی ادارے بلوچستان میں امن و امان کی بحالی اور ترقی کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں۔ سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، جو عوام کے تحفظ اور خوشحالی کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہی ہیں۔ دہشتگرد عناصر کی یہ کوشش کہ وہ اپنی کمزوری کو چھپانے کے لیے جھوٹے حملے اور پروپیگنڈہ کریں، ایک ناکام حربہ ثابت ہو رہا ہے۔
بلوچستان کے عوام کو چاہیے کہ وہ ایسے جھوٹے دعووں پر یقین نہ کریں اور صرف مستند ذرائع سے حاصل کردہ معلومات پر اعتماد کریں۔ سیکیورٹی فورسز اور حکومت بلوچستان عوام کے تحفظ اور ریاستی استحکام کے لیے پرعزم ہیں، اور کسی بھی دہشتگردانہ پراپیگنڈے کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
Leave a Reply