وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی شہید بینظیر بھٹو کی 17 ویں برسی کی مرکزی تقریب میں شرکت

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سابق وزیر اعظم شہید بینظیر بھٹو کی 17 ویں برسی کی مرکزی تقریب میں شرکت کے لیے گڑھی خدا بخش پہنچ گئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ کے ہمراہ سینٹر میر عبدالقدوس بزنجو، سینٹر سردار محمد عمر گورگیج، ایم این اے ملک شاہ گورگیج، صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ اور دیگر پارٹی رہنماء بھی گڑھی خدا بخش پہنچے۔ اس اہم موقع پر پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء سید خورشید شاہ، سائیں قائم علی شاہ اور میر اعجاز جھکرانی سمیت دیگر سیاسی رہنماء بھی تقریب میں شریک ہوئے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر پیپلزپارٹی کے صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی کے قافلے بھی مختلف اضلاع سے گڑھی خدا بخش پہنچے، جہاں انہوں نے محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی کی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں بلوچستان بھر سے پاکستان پیپلز پارٹی کے عہدیداروں اور کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، جنہوں نے محترمہ بینظیر بھٹو کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کی جدوجہد کو یاد کیا۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو کی قربانیاں پاکستانی عوام کے لیے روشن چراغ کی مانند ہیں، جنہوں نے ہمیشہ عوام کی خدمت کو اولین ترجیح دی۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی نے ملک میں جمہوریت کی بحالی کے لیے اہم کردار ادا کیا، اور ان کی جدوجہد آج بھی قوم کے دلوں میں زندہ ہے۔

تقریب میں شریک رہنماؤں نے شہید بینظیر بھٹو کی سیاسی وراثت اور ان کے مشن کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ عوام کے حقوق کے لیے آواز اٹھاتی رہے گی اور شہید بینظیر بھٹو کے اصولوں کے مطابق ملک میں ترقی و خوشحالی کے لیے کام کرتی رہے گی۔

اس تقریب کا انعقاد پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے محترمہ بینظیر بھٹو کی سیاسی جدوجہد اور ان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے کیا گیا، جس میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں اور رہنماؤں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *