اسلام آباد، 12 اکتوبر — گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ بلوچستان اپنی قدرتی خوبصورتی، تاریخی ورثے اور ثقافتی تنوع کے باعث ملک کا ایک منفرد خطہ ہے، تاہم عموماً یہ صوبہ صرف معدنی وسائل، سی پیک منصوبوں یا کسی ناخوشگوار واقعے کے بعد خبروں میں آتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ پہلی مرتبہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلوچستان کو خالصتاً سیاحت اور ثقافت کے حوالے سے پیش کیا جا رہا ہے، جو ایک نہایت مثبت اور حوصلہ افزا اقدام ہے۔
گورنر نے لوک ورثہ اسلام آباد میں محکمہ سیاحت و ثقافت کے زیر اہتمام تین روزہ بلوچستان گرینڈ ٹورازم فیسٹیول کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے پروگرام نہ صرف صوبے کی ثقافتی شناخت کو اجاگر کرتے ہیں بلکہ ملکی و بین الاقوامی سطح پر بلوچستان کی ایک مثبت تصویر پیش کرتے ہیں۔
جعفر مندوخیل نے اس یقین کا اظہار کیا کہ سیاحت اور ثقافت کے فروغ سے صوبے میں سرمایہ کاری بڑھے گی اور مقامی معیشت کو نئی قوت ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے قدرتی مناظر، ساحلی پٹی، بلند پہاڑ، صحرا اور تاریخی مقامات ایک ایسی خصوصیت رکھتے ہیں جو دنیا بھر کے سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کر سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ فیسٹیول میں مقامی ہنرمندوں، گلوکاروں اور فنکاروں کی شرکت اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ بلوچستان کی ثقافت کتنی متنوع اور باصلاحیت ہے۔ تصویری نمائش، دستکاری، موسیقی اور ثقافتی سرگرمیوں کو عوامی سطح پر پذیرائی ملنا خوش آئند امر ہے۔
گورنر بلوچستان نے اس موقع پر صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بھی اس نوعیت کے ثقافتی میلوں کے انعقاد کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ بعد ازاں انہوں نے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا، مقامی فنکاروں سے ملاقات کی اور ان کی محنت کو سراہا۔ تقریب کے اختتام پر گورنر نے فیسٹیول کے منتظمین، فنکاروں اور مہمانوں میں یادگاری شیلڈز تقسیم کیں۔
Leave a Reply