کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) گرینڈ جاوی ہاؤسنگ اسکیم کے ترجمان نے ایک وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ اسکیم کے وفد نے حال ہی میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ملاقات کی، جس میں منصوبے سے متعلق تمام قانونی تقاضوں اور پیش رفت سے وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق وزیر اعلیٰ نے اسکیم کے قانونی مراحل اور شفاف طریقہ کار پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ترجمان نے واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت چلتن گھی مل سے متعلق اجلاس کے بعد بعض عناصر نے بے بنیاد پروپیگنڈا کرتے ہوئے گرینڈ جاوی ہاؤسنگ اسکیم کو متنازع بنانے کی کوشش کی، جو سراسر غلط اور افسوسناک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسکیم مکمل طور پر قانون کے مطابق ہے اور اس کے صارفین کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں بھی کچھ حلقوں کی جانب سے منفی پراپیگنڈا کیا گیا، مگر وہ کوششیں ناکام رہیں۔ اب دوبارہ غیر حقیقی معلومات پھیلا کر اسکیم کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس میں کوئی صداقت نہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ گرینڈ جاوی ہاؤسنگ اسکیم کا افتتاح حال ہی میں عمل میں آیا ہے، اور اس منصوبے کے تحت چیمبر آف کامرس، بین الصوبائی اداروں اور بین الاقوامی برانڈز کے ساتھ متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ بلوچستان میں رہائشی ترقی کا ایک نمایاں سنگ میل ثابت ہوگا اور کسی بھی منفی مہم کے باوجود اسکیم اپنی کامیابی کی راہ پر گامزن رہے گی۔













Leave a Reply