کوئٹہ، 15 اکتوبر — وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایت اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کی بھرپور کاوشوں سے شہر کے قدیم ورثے “کیفے بلدیہ” کی بحالی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس موقع پر ہائی لینڈ کنٹری کلب گروپ کے ساتھ معاہدے پر دستخط بھی ہوئے، جس کے فوراً بعد تعمیرِ نو کا کام باقاعدہ طور پر شروع کر دیا گیا۔ منصوبے کی تکمیل کے بعد اس کا افتتاح یکم جنوری 2026 کو وزیر اعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر کیا جائے گا۔
کیفے بلدیہ کوئٹہ کی تاریخی عمارت ہے جو قیامِ پاکستان کے ابتدائی دور میں قائم ہوئی تھی۔ یہ جگہ برسوں تک ادیبوں، شاعروں، صحافیوں، طلبہ اور اہلِ دانش کے لیے فکری تبادلے اور مکالمے کا مرکز رہی۔ وقت گزرنے کے ساتھ یہ جگہ ویران ہو گئی تھی، مگر اب حکومتِ بلوچستان نے اسے ایک مرتبہ پھر زندگی، روشنی اور ثقافت سے آراستہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بحالی کے منصوبے کے تحت کیفے بلدیہ کو اپنی اصل شناخت برقرار رکھتے ہوئے جدید طرز پر ازسرِنو تعمیر کیا جا رہا ہے۔ نئی تعمیر میں ادبی بیٹھک، فیملی کیفے زون، آرٹ گیلری، ثقافتی نمائش گاہ اور شہریوں کے لیے کھلا کیفے ایریا شامل ہوگا۔ یہ منصوبہ کوئٹہ کی تہذیبی روح کو دوبارہ زندہ کرنے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کے لیے علم و ادب اور ثقافت سے جڑنے کا نیا مرکز بنے گا۔
ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ مجیب قمبرانی نے کہا کہ کیفے بلدیہ صرف ایک عمارت نہیں بلکہ کوئٹہ کے دل کی دھڑکن ہے، جسے دوبارہ زندگی دینا شہر کے وقار اور ثقافتی شناخت کی بحالی کی علامت ہے۔
Leave a Reply