وزیراعلیٰ بلوچستان کا سول سروس اکیڈمی کا دورہ اور اہم خطاب

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سول سروس اکیڈمی کے نئے تدریسی و انتظامی بلاک کا افتتاح کیا اور اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان سول سروس اکیڈمی کو پاکستان کا نمایاں ادارہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے افسران کی کوئٹہ میں تربیت ہمارے خواب کی تکمیل ہوگی اور یہ ادارہ نہ صرف بلوچستان کا وقار بلکہ پاکستان کا فخر بھی بنے گا۔

وزیراعلیٰ نے اکیڈمی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ ایک ننھے پودے سے تناور درخت بن چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افسران صرف عہدےدار نہیں بلکہ عوام کے خدمتگار ہیں، اور عوامی خدمت ہی ان کی اصل پہچان ہے۔ انہوں نے افسران کو نصیحت کی کہ بلوچستان کے عام آدمی کی خوشحالی کو اپنی پہلی ترجیح بنائیں اور وہ عوام جو سخت سردی اور گرمی سہتے ہیں انہیں ہر ممکن ریلیف فراہم کریں۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ ہمیشہ ان افسران کو یاد رکھتی ہے جو یادگار خدمات انجام دیتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے اکیڈمی کی مزید ترقی کے لیے تمام وسائل فراہم کرنے کا اعلان کیا اور خواہش ظاہر کی کہ ملک کے ہر صوبے کے افسران یہاں تربیت کو اعزاز سمجھیں۔ آخر میں انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت افسران کی خدمت اور رہنمائی کے لیے ہر وقت موجود ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *