لورالائی میں قبائلی ہم آہنگی اور علاقائی استحکام کے لیے اہم جرگہ منعقد

ایف سی ہیڈکوارٹر لورالائی میں ایک اہم اور وسیع سطح کا جرگہ منعقد ہوا جس میں گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل، وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی، کور کمانڈر کوئٹہ، سابق گورنر بلوچستان گل محمد جوگیزئی، آئی جی ایف سی نارتھ، آئی جی پولیس اور کمشنر لورالائی ڈویژن سمیت بڑی تعداد میں قبائلی معززین شریک ہوئے۔ اس جرگے میں خطے کے امن، سماجی ہم آہنگی، قبائلی روابط اور ترقیاتی معاملات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

شرکاء نے اس موقع پر پاک فوج اور فرنٹیئر کور بلوچستان نارتھ کی جانب سے علاقے میں قیامِ امن اور معمولاتِ زندگی کی بحالی کے لیے کیے گئے اقدامات کی تحسین کی۔ گورنر بلوچستان نے اپنے خطاب میں کہا کہ قبائلی عوام ہمیشہ ریاستی اداروں کے مضبوط شریک رہے ہیں اور ان کی شراکت سے ہی امن اور ترقی کا سفر مستحکم رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے بہتر مستقبل اور ترقیاتی منصوبوں کی کامیابی کے لیے اجتماعی حکمت عملی ناگزیر ہے۔

وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ پاک فوج اور ایف سی خطے میں دیرپا امن، استحکام اور عوامی سہولیات کی بہتری کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے قبائلی عمائدین کے کردار کو بنیادی ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ علاقائی امن میں ان کی شمولیت ہمیشہ کلیدی رہی ہے۔

کور کمانڈر کوئٹہ کور نے کہا کہ بلوچستان کی خوشحالی اور ترقی کا راستہ اتحاد اور امن سے جڑا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام نے پہلے بھی دہشت گردی کے عزائم ناکام بنائے اور مستقبل میں بھی اجتماعی قوت سے دشمن عناصر کی سازشوں کو شکست دینا ہے۔

جرگے کے اختتام پر قبائلی عمائدین نے حکومت بلوچستان، پاک فوج اور ایف سی بلوچستان کے امن اقدامات خصوصاً دکی کول مائنز اور این 70 کی سیکیورٹی کو قابلِ تعریف قرار دیا۔ اس موقع پر انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ علاقائی امن، باہمی اتحاد اور ترقی کے عمل میں ریاستی اداروں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے رہیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *