وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے زیارت میں اسسٹنٹ کمشنر محمد افضل اور ان کے بیٹے کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس المناک واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہید محمد افضل ایک فرض شناس، محنتی اور دیانتدار افسر تھے جنہوں نے اپنی ذمہ داریاں ایمانداری کے ساتھ ادا کیں۔ انہوں نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے یہ ثابت کیا کہ ملک و قوم کی خدمت سب سے بڑھ کر ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا اور ان کا خون بلوچستان میں امن اور استحکام کی راہ میں روشنی کی علامت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ معصوم جانوں کے قاتل اور امن کے دشمن اپنے انجام سے نہیں بچ سکیں گے اور ان کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے شہداء کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت دکھ کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہید محمد افضل اور ان کے بیٹے کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی بلکہ یہ قربانی بلوچستان کے امن و سلامتی کے سفر کو مزید مضبوط بنائے گی۔
Leave a Reply