بھارت اور مودی کا ناپاک ایجنڈا پاکستان میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتا، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے چیئرمین مرکزی رؤیتِ ہلال کمیٹی پاکستان، خطیب و امام بادشاہی مسجد لاہور اور سفیرِ امن مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے جمعہ کے روز ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران بین المسالک و بین المذاہب ہم آہنگی، رواداری، اتحاد و وحدت، احترامِ انسانیت اور ’’پیغامِ پاکستان‘‘ کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

اس موقع پر ایمبسڈر آف لو ڈاکٹر لیف ایتھلن، ڈاکٹر مرقس فدا اور صاحبزادہ حافظ سید محمد عبدالرازق آزاد سمیت دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی طاقت اتحاد میں ہے، ہم ایک متحد قوم بن کر ہی دشمن کے عزائم ناکام بنا سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت اور مودی سرکار کا پاکستان کے خلاف ناپاک ایجنڈا کبھی کامیاب نہیں ہو سکتا، کیونکہ پاکستانی قوم اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

وزیر اعلیٰ نے مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بین المذاہب امن کانفرنس کا کامیاب انعقاد نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے ملک کے لیے باعثِ فخر ہے۔ مولانا عبدالخبیر آزاد نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ملکی خدمات کے اعتراف میں انہیں ’’امن ایوارڈ‘‘ پیش کیا، جبکہ وزیر اعلیٰ نے مولانا عبدالخبیر آزاد کو سووینئر پیش کیا۔ ملاقات خوشگوار اور باہمی احترام و تعاون کے جذبے کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *