بلوچستان حکومت نے ہارلے ہیلتھ کیئر سروسز کے ساتھ ایک اہم معاہدہ طے کیا ہے جس کے تحت صوبے کا پہلا میڈیکل، ڈینٹل اور نرسنگ کالج قائم کیا جائے گا۔ یہ منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت مکمل ہوگا اور اسے صوبے میں طبی تعلیم کے فروغ کے حوالے سے ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔
ابتدائی مرحلے میں کالج ہر سال 100 طلبہ کو میڈیکل، ڈینٹل، نرسنگ اور الائیڈ سائنسز کی تعلیم فراہم کرے گا جبکہ مرحلہ وار یہ تعداد بڑھا کر 600 تک لے جائی جائے گی۔ معاہدے کے مطابق ہر سال 16 مستحق اور ہونہار طلبہ کو مکمل اسکالرشپ بھی دی جائے گی تاکہ دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ بھی اعلیٰ معیار کی تعلیم حاصل کر سکیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ اس منصوبے کے ذریعے صوبے کے نوجوانوں کو عالمی معیار کی طبی تعلیم مقامی سطح پر دستیاب ہوگی۔ ان کے مطابق مستقبل کے ڈاکٹرز اور نرسز بلوچستان ہی سے تیار ہوں گے، جس سے نہ صرف تعلیمی میدان میں ترقی ممکن ہوگی بلکہ صوبے کے ہیلتھ کیئر نظام کو بھی مضبوط بنیادیں ملیں گی۔
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبے حکومت بلوچستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں اور اس معاہدے کے نتیجے میں صوبے میں اصلاحات اور ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ یہ اقدام اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت عوامی فلاح کے لیے طویل المدتی اور پائیدار اقدامات کر رہی ہے۔
Leave a Reply