بجلی کی بلا تعطل فراہمی، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی کیسکو کو ہدایات

کوئٹہ میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) کے معاملات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں پیر کے روز منعقد ہوا، جس میں بجلی کی ترسیل و تقسیم، عوامی شکایات، اور دور دراز علاقوں میں جاری برقی ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر کیسکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سید یوسف شاہ نے ادارے کو درپیش چیلنجز، موجودہ بجلی کی صورتحال اور ان کے ممکنہ حل کے حوالے سے وزیر اعلیٰ کو تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیسکو حکام کو ہدایت کی کہ صوبے بھر میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور ترسیلی نظام میں موجود خامیوں کو فوری طور پر دور کرنے کے لیے مؤثر اور جامع حکمت عملی اپنائی جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کیسکو کو عوامی ریلیف کو اپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھنا چاہیے اور شکایات کے ازالے کا نظام اس قدر مؤثر ہونا چاہیے کہ عام شہریوں کی شکایات بروقت سنی اور حل کی جا سکیں۔

وزیر اعلیٰ نے موسم گرما میں غیر ضروری لوڈشیڈنگ اور بجلی کی بے جا بندش سے سختی سے گریز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ گرمیوں میں عوام کو ریلیف فراہم کرنا کیسکو کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ڈیرہ بگٹی، بیکڑ اور دیگر پسماندہ علاقوں میں جاری بجلی کے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان علاقوں میں بجلی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے مؤثر اور پائیدار منصوبہ بندی ضروری ہے۔

وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ حکومت بلوچستان عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی اور تمام سرکاری اداروں کو چاہیے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں ایمانداری اور فرض شناسی سے ادا کریں تاکہ صوبے کے عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف حاصل ہو سکے۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *