سوئٹ ہوم اسلام آباد کے بچوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی دعوت پر کوئٹہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر چیئرمین سوئٹ ہوم اسلام آباد زمرد خان، سینیٹر دنیش کمار اور چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان بھی موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے سوئٹ ہوم کے بچوں کے حوصلے کو سراہا اور ان کی خداداد صلاحیتوں کا اعتراف کیا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے بچوں کے ساتھ محبت اور شفقت کی اعلیٰ مثال قائم کی اور ان کے ساتھ کھانا کھایا۔ انہوں نے بچوں کو تحائف بھی دیے، جس پر بچوں نے وزیر اعلیٰ کے جذبے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سوئٹ ہوم جیسے ادارے ہمارے معاشرے کی روشن امید ہیں، اور بلوچستان حکومت ان بچوں کی کفالت کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ تمام بچے ہمارے روشن مستقبل کی نوید ہیں، جن کی اچھی تعلیم و تربیت ہمارا فرض ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سوئٹ ہوم کی طرز کے ادارے معاشرتی بہبود کے لیے ناگزیر ہیں اور بلوچستان میں بھی سوئٹ ہوم اسلام آباد کی طرز کا مثالی ادارہ قائم کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان میں یتیم بچوں کے لیے جدید سہولیات سے آراستہ ادارے بنائے جائیں گے اور بچوں کی فلاح و بہبود کے منصوبے پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔ ان کے اس اقدام نے بچوں میں امید اور حوصلہ پیدا کیا، جو ہمارے معاشرے کے لیے ایک مثبت قدم ہے۔













Leave a Reply