بلوچستان کے ضلع دُکی میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ایک مؤثر انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران دو مطلوب دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس کامیاب کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور بروقت ردعمل کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ یہ دہشتگرد بھارتی سرپرستی میں بلوچستان کے امن کو نقصان پہنچانے کی کوششوں میں ملوث تھے، تاہم سیکیورٹی اداروں نے ان کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا۔ وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ بلوچستان کی سرزمین پر دہشتگردی کی کوئی گنجائش نہیں اور اس ناسور کے مکمل خاتمے تک ہماری کوششیں جاری رہیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ریاستی ادارے دشمن کے ہر ناپاک منصوبے کو بروقت اور مؤثر انداز میں ناکام بنا رہے ہیں، جس پر پوری قوم کو اپنی بہادر فورسز پر فخر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان حکومت ہر سطح پر سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور عوام کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے اپنے بیان میں کہا کہ دہشتگردی کے خلاف ہماری جنگ صرف ایک آپریشن تک محدود نہیں، بلکہ یہ ایک مسلسل جدوجہد ہے، جو اس وقت تک جاری رہے گی جب تک مکمل امن قائم نہیں ہو جاتا۔













Leave a Reply