آئیں! مل کر ہم ہر گھر سے ہر بچے کو آج ہی اسکول میں داخل کروائیں تاکہ علم کی روشنی ہر بچے تک پہنچ سکے۔ ان خیالات کا اظہار اسپیشل سیکریٹری تعلیم اسکولز عبدالسلام اچکزئی نے ڈائریکٹریٹ آف ایجوکیشن (اسکولز) کے زیر اہتمام منعقدہ اسکول داخلہ مہم 2025 کے حوالے سے ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کوئٹہ ڈاکٹر نصیر علی شاہ، ڈائریکٹر آف اسکولز اختر محمد کھتران، ڈائریکٹر ایم ای منیر احمد نوتیزئی، ڈائریکٹر بیورو سعید احمد، صوبائی کوآرڈینیٹر یونیسف نقیب خلجی، ایڈیشنل ڈائریکٹر زلیخا کریم اور دیگر نے شرکت کی۔ اسپیشل سیکریٹری تعلیم نے کہا کہ صوبے کے تمام بچوں کو اسکول میں داخل کرنا ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے تاکہ کوئی بھی بچہ تعلیم سے محروم نہ رہے اور ایک روشن مستقبل کی راہ پر گامزن ہو سکے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی کی خصوصی ہدایات پر نئے تعلیمی سال 2025 کے آغاز سے قبل صوبے بھر کے تمام اضلاع اور تعلیمی اداروں میں 93 لاکھ مفت سرکاری درسی کتب کی 100 فیصد ترسیل کو ممکن بنایا گیا، جبکہ ضلع کوئٹہ میں 1,299,432 درسی کتب تقسیم کی گئیں۔ یہ بلوچستان ٹیکسٹ بک بورڈ کے چیئرمین اور ان کی ٹیم کی انتھک محنت و لگن کا نتیجہ ہے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ڈاکٹر نصیر علی شاہ نے کہا کہ تعلیم ہر فرد کا بنیادی حق ہے اور ایک روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ اسکول داخلہ مہم 2025 کا مقصد ہر بچے کو اسکول پہنچانا اور ایسے تعلیمی مواقع فراہم کرنا ہے جو والدین، اساتذہ اور معاشرے کے ہر فرد کی اولین ذمہ داری ہے۔
ڈائریکٹر اسکولز اختر محمد کھتران نے کہا کہ آج کا پڑھا لکھا بچہ کل کا کامیاب شہری ہوگا، لہٰذا ہمیں اپنے بچوں کو اسکول میں داخل کروا کر تعلیم عام کرنی چاہیے تاکہ ایک روشن، ترقی یافتہ اور خوشحال مستقبل کی بنیاد رکھی جا سکے۔ سیمینار میں مختلف تعلیمی اداروں کے اساتذہ، محکمہ تعلیم کے اعلیٰ افسران اور یونیسف کے نمائندوں نے شرکت کی۔ آخر میں اسکول داخلہ مہم 2025 کے تحت نئے تعلیمی سال کے آغاز کے موقع پر طلبہ و طالبات میں درسی کتب اور اسکول بیگ بھی تقسیم کیے گئے۔













Leave a Reply