وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر خضدار میں اغوا کیس میں سخت کارروائی، ایک ملزم گرفتار

خضدار میں اغوا ہونے والی خاتون کے افسوسناک واقعے پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے فوری اور سخت ایکشن لیا ہے۔ انہوں نے اس سانحے کی تفتیش کی ذاتی طور پر نگرانی کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ملوث ملزمان کے خلاف کسی بھی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ واقعے کی ایف آئی آر درج کر کے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی بھرپور کوششیں جاری ہیں۔

میر سرفراز بگٹی نے آئی جی پولیس کو سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ واقعے میں ملوث تمام افراد کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت مظلوم کے ساتھ کھڑی ہے اور ظالم کو اس کے انجام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ بلوچستان حکومت اس کیس میں انصاف کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنائے گی اور کسی دباؤ یا سفارش کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان کا یہ عزم نہ صرف متاثرہ خاندان کے لیے امید کی کرن ہے بلکہ یہ پیغام بھی ہے کہ حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے گا اور معاشرتی انصاف کی فراہمی میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں حکومت بلوچستان عوام کے حقوق کے تحفظ اور مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کے لیے پرعزم ہے۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *