کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو مالی خود مختار اور منافع بخش ادارہ بنانے کے عزم کا اظہار

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (کیو ڈی اے) کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں شہر کی ترقی، بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور نئے منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل کیو ڈی اے اسکر خان نے وزیر اعلیٰ کو مجوزہ منصوبوں پر بریفنگ دی اور جاری و مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات پیش کیں۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کیو ڈی اے کو مالی طور پر خود مختار اور منافع بخش ادارہ بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت دی کہ اتھارٹی کو اس انداز میں منظم کیا جائے کہ وہ اپنے وسائل خود پیدا کرے اور حکومتی گرانٹس پر انحصار کم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ جدید شہروں میں ترقیاتی ادارے اپنی آمدنی کے ذرائع خود پیدا کرتے ہیں اور کیو ڈی اے کو بھی اسی ماڈل پر استوار کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے شہری سہولت اور شہر کی خوبصورتی کے لیے دیرپا اور قابل عمل منصوبے تیار کرنے کی ہدایت دی۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ کی ترقی کے لیے پائیدار حکمت عملی اختیار کی جائے تاکہ یہ منصوبے نہ صرف عوامی فائدے کے لیے ہوں بلکہ شہر کی مجموعی خوبصورتی میں بھی اضافہ کریں۔

وزیر اعلیٰ نے کیو ڈی اے کے مجوزہ پبلک پارک کے بنیادی ڈیزائن کا ازسرنو جائزہ لینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ عوامی ضروریات کے مطابق جدید طرز پر ہونا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ پارک میں شہریوں کے لیے معیاری تفریحی سہولیات فراہم کی جائیں اور اسے ایسا مقام بنایا جائے جہاں عوام خوشگوار وقت گزار سکیں۔ پارکنگ کے مسائل کے حوالے سے وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی کہ اس پہلو پر بھی موثر منصوبہ بندی کی جائے کیونکہ ترقی یافتہ شہروں میں پارکنگ بنیادی اہمیت رکھتی ہے، لہٰذا کوئٹہ میں بھی اس کا خصوصی خیال رکھا جائے۔

مزید برآں، وزیر اعلیٰ نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت فلاحی منصوبوں پر کام تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ حکومتی وسائل محدود ہوتے ہیں، اس لیے نجی شعبے کو ترقیاتی منصوبوں میں شامل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کیو ڈی اے کو ہدایت دی کہ ایسے منصوبے ترتیب دیے جائیں جو نجی شعبے کے لیے پرکشش ہوں تاکہ اس شراکت داری کے ذریعے عوام کو جدید سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے واضح کیا کہ کوئٹہ کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ شہری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں تاکہ کوئٹہ کو ایک جدید اور خوبصورت شہر میں تبدیل کیا جا سکے۔

اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری کیو ڈی اے اسفندیار کاکڑ، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات و منصوبہ بندی حافظ عبدالباسط، پرنسپل سیکرٹری بابر خان، سیکرٹری خزانہ عمران زرکون، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کے سربراہ ڈاکٹر فیصل خان اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *