پیپلزپارٹی ہمیشہ مظلوم کے ساتھ کھڑی رہی ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے گڑھی خدا بخش میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 46ویں برسی کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ مظلوموں کا ساتھ دیا ہے اور آئندہ بھی دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بنی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس عورت کے ساتھ کھڑے ہیں جس کے شوہر اور بچوں کو بسوں سے اتار کر اس کے سامنے بے دردی سے قتل کیا گیا۔ پیپلزپارٹی ظالم کے نہیں بلکہ مظلوم کے ساتھ ہے اور گڑھی خدا بخش کے شہداء اس جدوجہد کے گواہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو مسائل کے بھنور اور دہشت گردی کی لعنت سے نکال کر ایک پرامن اور ترقی یافتہ صوبہ بنایا جائے گا۔ ہماری حکومت عام بلوچستانی کو اس کے جائز حقوق اس کی دہلیز پر پہنچائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ پیپلزپارٹی نے بلوچستان میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے تاریخی اقدامات کیے ہیں۔ پہلی بار پانچ خواتین کو ڈپٹی کمشنر تعینات کیا گیا ہے اور چار خواتین صوبائی کابینہ کا حصہ ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اگر کوئی خاتون دہشت گردوں کی معاونت کرے گی تو پیپلزپارٹی اس کے خلاف بھی سخت کارروائی کرے گی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے ملک کا دفاع کریں گے، جو عناصر پاکستان کو توڑنے کے درپے ہیں، انہیں پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم کبھی دہشت گردوں کے سامنے نہیں جھکیں گے۔ ہماری حکومت شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی امانت ہے، جو چاروں صوبوں کی زنجیر تھیں اور رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم اس تاریخی مقام سے وعدہ کرتے ہیں کہ دہشت گردی کے خلاف بھرپور لڑائی لڑیں گے، دہشت گردوں کو شکست دیں گے اور بلوچستان کے عوام کو ان کے حقوق دلائیں گے۔

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ ہر فورم پر بلوچستان کے عوام کے حقوق کا دفاع کریں گے، چاہے وہ مرکزی حکومت ہو یا کوئی اور پلیٹ فارم۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی میں ملک بھر سے لوگوں کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ “بھٹو آج بھی زندہ ہے اور تاقیامت زندہ رہے گا”۔ وزیر اعلیٰ نے یقین دلایا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں بلوچستان کو درپیش چیلنجز کا خاتمہ کیا جائے گا اور صوبے کو امن و ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی قیادت نے ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف جرات مندانہ کردار ادا کیا ہے، چاہے وہ شہید ذوالفقار علی بھٹو ہوں، محترمہ بینظیر بھٹو ہوں یا صدر آصف علی زرداری۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی دہشت گردوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر ان کا مقابلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عام بلوچستانی کے مسائل حل کرنے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔ آغاز حقوق بلوچستان پیکج سے لے کر شہید محترمہ بینظیر بھٹو اسکالرشپ پروگرام تک عوام کو دیے گئے تحفے اس کی روشن مثالیں ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ بلوچستانی عوام کو گلے سے لگایا ہے اور آج بھی اسی جذبے کے ساتھ ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *