وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے یوم تشکر کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط اور قابل اعتماد ہاتھوں میں ہے اور پاکستان ایک باوقار و ناقابل تسخیر ریاست ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاست پاکستان اپنی آزادی، خودمختاری اور سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور جو بھی اس مادر وطن کی جانب میلی آنکھ سے دیکھنے کی جسارت کرے گا، اس کی آنکھ نکال دی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن کی خواہش ظاہر کی ہے اور ایک ذمہ دار ریاست ہونے کے ناطے ہر قسم کے الزامات کا سامنا تحقیق و شفافیت سے کیا ہے، لیکن بدقسمتی سے بھارت نے ایک بار پھر بغیر کسی تحقیق کے پاکستان پر الزامات لگا کر جنگی جنون کو ہوا دی۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ واقعے میں بھارت نے رات کی تاریکی میں حملے کی کوشش کی، جس کا پاکستانی افواج نے دندان شکن جواب دیا، یہاں تک کہ بھارت سیز فائر کی درخواستیں کرنے پر مجبور ہو گیا۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ یہ پاکستان کی عسکری تیاری، جذبہ ایمانی اور قومی اتحاد کا مظہر ہے کہ دشمن کو ہر محاذ پر شکست ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں اور افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، دلیری اور حکمت عملی پر فخر کرتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے پاک فوج کے سپہ سالار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جرات مندانہ قیادت نے دشمن کو ناکامی سے دوچار کیا، جسے تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم ایک زندہ قوم ہے جو اپنے دفاع کو عبادت سمجھتی ہے اور آج ملک بھر میں منائی جانے والی یوم تشکر کی تقریبات اس بات کا عملی ثبوت ہیں کہ ہم اپنی کامیابیوں کو اجتماعی شعور اور قومی اتحاد سے مناتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر تمام معزز مہمانوں، سول و عسکری حکام اور شہداء کی فیملیز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ قومی یگانگت دشمن کے لیے واضح پیغام ہے کہ پاکستان ایک مضبوط، متحد اور پرعزم ریاست ہے جو ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔













Leave a Reply