چمن میں کھلی کچہری، عوامی مسائل کے حل کا عزم

چمن میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی نے کی۔ اس کھلی کچہری کا مقصد چمن کے عوام کو درپیش بنیادی مسائل، مشکلات اور شکایات کا ازالہ کرنا تھا۔ اس موقع پر اے ڈی سی جنرل فدا بلوچ، ضلعی انتظامیہ کے افسران، ضلع بھر کے تمام ڈسٹرکٹ افسران، سول سوسائٹی کے ارکان، انجمن تاجران، مقامی قبائلی عمائدین، مشران، علماء کرام اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر چمن نے اس موقع پر عوامی شکایات کو سن کر متعلقہ محکموں کے افسران کو فوری احکامات جاری کیے تاکہ عوامی مسائل کا فوری حل ممکن ہو سکے۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ جن مسائل کا تعلق افسران بالا سے ہے، ان کو بہت جلد متعلقہ محکموں کے حکام تک پہنچایا جائے گا۔ اس دوران مقامی لوگوں نے اپنے مسائل اور ضروریات پیش کرتے ہوئے روڈز، سکول، ہسپتالوں، بجلی کی لوڈ شیڈنگ، امن و امان اور نادرا کے بلاک شناختی کارڈز جیسے اہم مسائل پر تفصیلی بات چیت کی۔

ڈپٹی کمشنر حبیب احمد بنگلزئی نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود عوامی مسائل کو حل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے اور ہم تمام تر وسائل بروئے کار لاتے ہوئے عوامی مشکلات کو ان کی دہلیز پر حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے موقع پر عوامی شکایات کے حل کے لیے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام مطالبات جائز اور حل طلب ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی مطالبات کو جلد از جلد حل کرنے کی کوشش کی جائے گی تاکہ عوامی امنگوں کے مطابق مسائل کا حل نکل سکے۔

ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کے مسائل اور چیلنجز کو بہترین طریقے سے حل کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ اپنی پوری کوشش کرے گی اور عوامی اعتماد پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل کا حل انتظامیہ کا اولین فرض ہے اور اس کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *