کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے واضح کیا ہے کہ محکمہ صحت کے خلاف بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈا کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی جو عوامی نمائندوں یا افسران کے خلاف منفی مہم چلا رہے ہیں۔ ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے کہا کہ عدالتی احکامات کی مکمل پاسداری کو یقینی بنایا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والے افراد کو فوری طور پر ایف آئی اے کی سائبر کرائم ونگ کے حوالے کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی عہدیداروں اور محکمہ صحت کے افسران کے خلاف کسی قسم کی منفی مہم کی اجازت نہیں دی جائے گی اور اس میں ملوث عناصر کے لیے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
ترجمان نے کہا کہ تمام سرکاری اداروں کو عدالتی احکامات پر سختی سے عمل کرنا ہوگا اور اگر کوئی افسر غفلت یا بدنیتی میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ محکمہ صحت بلوچستان نے متعلقہ افسران کو ہدایات پر عمل درآمد کے لیے مراسلہ جاری کر دیا ہے، تاکہ عوامی خدمت کے شعبے میں بدنیتی یا منفی پروپیگنڈا کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔ ترجمان نے کہا کہ تمام محکموں کو اپنی ذمہ داری نبھانی ہوگی تاکہ عوام کے اعتماد کو یقینی بنایا جا سکے اور ترقیاتی عمل میں رکاوٹ ڈالنے والے عناصر کا خاتمہ کیا جا سکے۔













Leave a Reply