جعفر ایکسپریس حملہ: 13 دہشت گرد ہلاک، فورسز کا آپریشن جاری

جعفر ایکسپریس پر ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے 13 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ متعدد دہشت گرد زخمی ہو گئے۔ اطلاعات کے مطابق دہشت گرد اب چھوٹے گروہوں میں بکھر چکے ہیں اور فورسز نے ان کے گرد گھیرا مزید تنگ کر دیا ہے۔ علاقے میں شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے جبکہ دہشت گردوں کی مکمل بیخ کنی کے لیے آپریشن آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔

ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں مزید کمک طلب کر لی ہے تاکہ حتمی کارروائی مکمل کی جا سکے اور بچ جانے والے دہشت گردوں کو بھی انجام تک پہنچایا جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا اور کسی بھی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ فورسز کے اس مؤثر اور برق رفتار ردعمل نے دہشت گردوں کے عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے اور انہیں مکمل طور پر پسپا کر دیا گیا ہے۔

حملے میں زخمی ہونے والے مسافروں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشت گردوں کے خلاف کارروائی مزید تیز کر دی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا فوری سدباب کیا جا سکے۔ مقامی انتظامیہ اور سیکیورٹی حکام مسلسل صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ اداروں کو دیں۔

بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں ریاستی ادارے پوری قوت کے ساتھ برسرپیکار ہیں اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا ہے کہ دہشت گردوں کو کسی بھی صورت میں سر اٹھانے نہیں دیا جائے گا۔ جعفر ایکسپریس پر حملہ کرنے والے عناصر کے خلاف یہ آپریشن آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا، اور ریاست اپنی عوام کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھاتی رہے گی۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *